قریشی کا متحدہ عرب امارات سے تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر زور

523

اسلام آباد: پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم اورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر زور دیا ہے، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

جمعہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی، ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین، گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔

اورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امارات میں مقیم 16 لاکھ کے قریب پاکستانی گزشتہ کئی دہائیوں سے یو اے ای کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے  نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ معاونت قابلِ تحسین ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کر لیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here