ٹوکیو: جاپان کی کابینہ نے مارچ کے اختتام پر ختم ہونے والے رواں مالی سال کے لیے تیسرے ضمنی بجٹ کی منظوری دیدی ہے جس میں کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے نمٹنے اور معیشت کو تقویت دینے کے لیے اضافی طور پر تقریبا 184 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کابینہ نے 184 ارب ڈالر مالیت کا ضمنی بجٹ منظور کر لیا جس کے بعد طبی دیکھ بھال کے نظام کو تقویت دینے پر تقریبا ساڑھے 12 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے جس میں ہسپتالوں میں بستروں کا اضافہ بھی شامل ہے۔
جاپان کے مختلف علاقوں کو عالمی وبا سے متعلق انسدادی اقدامات کے لیے تقریبا 14.4 ارب ڈالر دیئے جائیں گے، ان میں ایسے شراب خانوں اور ریستورانوں کی مالی اعانت بھی شامل ہے جو کاروباری اوقات کار کم کرنے یا کاروبار عارضی طور پر بند کرنے پر متفق ہوں۔
یہ بجٹ عالمی وبا کے بعد کے ماحول کی تیاری اور معیشت میں پائیدار نمو کے حصول کے لیے اقتصادی ڈھانچے میں اصلاحات کے لیے بھی استعمال ہو گا۔
چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کو خود کو نئے کاروبار میں ڈھالنے میں مدد دینے کے لیے تقریبا 11 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح کاربن سے پاک معاشرے کے حصول کے لیے فنڈ قائم کرنے کی خاطر تقریبا 19.2 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔ یہ رقم دس سالہ عرصے کے دوران ان کمپنیوں کو سہارا فراہم کرے گی جو جدت پسند خیالات متعارف کرائیں گی۔.