اسلام آباد: کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے جاپان کی جانب سے پاکستان کو ڈیڑھ ارب روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے خلاف گرانٹ فراہم کرنے کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی، پاکستان میں جاپانی سفیر کونینوری متسودا (Kuninori Matsuda) اور سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
گرانٹ کی مدد سے وینٹی لیٹرز اور آکسیجن سیلنڈرز سمیت دیگر انسانی جان بچانے والے آلات خریدنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دوستانہ اور دوطرفہ تعلقات کی قدر کرتا ہے، خطے اور عالمی معاشی مسائل پر زیادہ تر دونوں ممالک کی رائے ایک ہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ای سی سی، کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر گرانٹ منظور
عالمی بینک سندھ میں دو منصوبوں کیلئے 300 ملین گرانٹ دے گا
انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے دی گئی مالی امدد نے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے مسلسل اہم کردار ادا کیا ہے۔
نوراحمد نے مزید کہا کہ “جاپان ابھی تک پولیو کے مکمل خاتمے پر زور دے رہا ہے”۔
انہوں نے جاپان کے 3.62 ارب (جاپانی کرنسی یوآن) کی امداد کے ذریعے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد میں انتہائی نگہداشت، مٹرنل اور چائلڈ ہیلتھ یونٹس قائم کرنے کے اقدامات کو سراہا، سیکرٹری اقتصادی امور نے مزید کہا کہ حیدرآباد (سندھ) کے لیے بھی جاپان نے اسی طرح کی گرانٹ میں توسیع کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
وبا کے دوران بروقت طبی آلات کی صورت میں مالی گرانٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “پاکستان کو کورونا وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے اور بڑھتی ہوئی مریضوں کی تعداد سے پاکستان کے نظامِ صحت پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ یہ سپلیمنٹ گرانٹ ہسپتالوں کی صحت کی سہولیات، ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹروں کے لائف رسک کو کم کرے گی”۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے مسلسل اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔