اسلام آباد: لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) سیکٹر کی شرح نمو میں اکتوبر 2020 کے دوران سالانہ 6.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2020 میں 138.03 پوائنٹس ایل ایس ایم آئی کوانٹم انڈیکس نمبر(کیو آئی ایم) ریکارڈ کیا گیا جبکہ اکتوبر 2019 میں 128.22 پوائنٹس کیو آئی ایم ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق اس دوران، ستمبر 2020 کے مقابلے میں اکتوبر 2020 میں ماہانہ اعتبار سے صنعتوں کی ترقی کی شرح نمو میں 3.95 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر مالیاتی سال 2020-2021 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی شرح گزشتہ برس کے زیرِجائزہ عرصے کے مقابلے میں 5.5 فیصد زیادہ رہی۔
مالیاتی سال 2021 کے جولائی تا اکتوبر کے دوران صنعتی پیداوار 136.08 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ مالیاتی سال 2020 (جولائی تا اکتوبر) کے دوران 129.04 پوائنٹس صنعتی پیداوار دیکھی گئی تھی۔
وزارتِ صنعت کی جانب سے بتائے گئے اعشاریوں میں 3.74 فیصد اضافہ رہا، جس کے بعد صوبائی اعدادوشمار کے بیوروز کی جانب سے 1.63 فیصد اعشاریے اور آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی (او سی اے سی) کی جانب سے مصنوعات کی پیداوار کی شرح میں 0.1 فیصد اضافہ بتایا گیا۔
اکتوبر 2020 کے دوران وہ شعبے جن میں مثبت شرح نمو دیکھی گئی ان میں (2.24 فیصد شرح) ٹیکسٹائل، خوراک، مشروبات اور تمباکو مصنوعات کی پیداواری شرح (12.16 فیصد)، کوک اینڈ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداواری شرح (1.57 فیصد)، فارماسیوٹیکلز (13.53 فیصد)، کیمیکلز (9.22 فیصد)، نان مٹیلک منرل پروڈکٹس (22.88 فیصد)، کھاد (5.99 فیصد)، پیپر اینڈ بورڈ (10.46 فیصد) اور ربڑ کی مصنوعات میں (3.3 فیصد) کی شرح نمو ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب، زیرِجائزہ عرصے کے دوران ایل ایس ایم انڈسٹریز کے آٹوموبائل شعبے میں (1.62 فیصد)، آئرن اینڈ سٹیل (5.41 فیصد)، الیکٹرانکس (23.01 فیصد)، چمڑے کی مصنوعات (43.18 فیصد) انجنئیرنگ مصنوعات (34.05 فیصد) اور ووڈن مصنوعات میں 64.05 منفی شرح نمو ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی واضح رہے کہ صوبائی کیو آئی ایم کو ذرائع کی جانب سے پیداوار کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق نکالا گیا ہے، جس میں او سی اے سی، وزارتِ صنعت و پیداوار اور پی بی ایس کے اعدادوشمار شامل ہیں۔
اقتصادی بحالی:
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پیداواری صنعت کی شرح نمو میں اضافے کی وجہ ‘معاشی بحالی میں تیزی’ قرار دیا ہے۔
اسی طرح، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا کہ “لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں جولائی تا اکتوبر کے دوران 5.46 فیصد اضافہ ہوا۔ شرح نمو میں اضافہ اس وقت ہوا ہے جب عالمی معیشت کو سنگین بحران کا سامنا ہے، پاکستان میں معاشی بحالی سے صنعت کی پیداور میں اضافہ ہو رہا ہے”۔