اسلام آباد: گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں نومبر 2020ء کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 7.67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق نومبر 2020ء کے دوران مجموعی برآمدات کا حجم 2.161 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ نومبر 2019ء کے دوران برآمدات سے 2.007 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
آئندہ 10 سالوں میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان
پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں 21.54 فیصد اضافہ
’حکومت سہولیات دے تو فروزن فوڈ کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک لے جا سکتے ہیں‘
اس طرح نومبر 2019ء کے مقابلہ میں نومبر 2020ء کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 0.154 ارب ڈالر یعنی 7.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کی حالیہ دوسری لہر سے پیدا ہونے والی غیریقینی صورت حال اور عالمی منڈیوں میں مندی کے باوجود اکتوبر 2020 میں بھی دو ارب ڈالر سے زائد کی برآمدات رجسٹرڈ کی گئیں۔
پاکستان کی برآمدات میں سب سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل مصنوعات کا ہوتا ہے، موجودہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملک کی ٹیکسٹائل کی برآمدات 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں، ہمسایہ ممالک میں لاک ڈائون اور سفری پابندیوں کی وجہ سے عالمی مارکیٹ سے پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کو زیادہ آرڈرز موصول ہو رہے ہیں۔
ادھر وزارتِ تجارت کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران 9.732 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے (جولائی تا نومبر) کے دوران 9.545 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
وزارتِ تجارت کے مطابق برآمدات میں جولائی 2020 کے بعد سے مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور کورونا وائرس سے پہلے کی صورتحال پر برآمدات واپس آ گئی ہیں۔
مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ نومبر 2020ء میں برآمدات گزشتہ 10 سالوں میں کسی ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ رہی ہیں، اس سے پاکسان کی برآمدات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ برآمد کنندگان کی کاوشوں سے یہ رجحان برقرار رہے گا۔