’اسٹیشنری انڈسٹری تباہی سے دوچار، حکومت ٹیکس ریلیف، بجلی، گیس پر 50 فیصد سبسڈی دے‘

طویل عرصے سے تعلیمی اداروں کی بندش سٹیشنری انڈسٹری سے وابستہ لاکھوں افراد کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے: ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان

1450

کراچی: ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) نے مشیر تجارت سے اپیل کی ہے کہ سٹیشنری انڈسٹری کو تباہی اور اس سے وابستہ لاکھوں افراد کو بے روزگار سے بچانے کیلئے کردار کریں۔

ایمپلائرز فیڈریشن کے صدر اسماعیل ستار نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے کاروبار و صنعت پر پڑنے والے منفی اثرات کے نتیجے میں اسٹیشنری انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جس کو بچانے کے لیے حکومت ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔

ایک بیان میں انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے باعث طویل عرصے تک تعلیمی ادارے بند رہنے کی وجہ سے پاکستان کی سٹیشنری انڈسٹری کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے صورتحال کا جائزہ لیں تاکہ اس صنعت سے وابستہ لاکھوں افراد کو بے روزگار ہونے سے بچایا جاسکے۔

ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر اور ممتاز صنعتکار احسان اللہ خان جو تعلیمی اداروں میں استعمال کے لیے بال پین، جیل پین، مارکرز، فائبر ٹپس پین، پوائنٹر اور پنسل تیار کرتے ہیں، ان دنوں کورونا وبا سے پیدا ہونے والے سنگین معاشی بحران کے اسٹیشنری انڈسٹری پر پڑنے والے منفی اثرات اور صورتحال کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ کاروباری سرگرمیاں تعطل کا شکار ہونے کی وجہ سے اسٹیشنری انڈسٹری شدید مالی بحران سے دوچار ہے اور اب تو صورت حال اس حد تک خراب ہے کہ ورکرز کو تنخوائیں دینے کے لیے پیسے نہیں۔

احسان اللہ خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسٹیشنری انڈسٹری کو مزید تباہ ہونے سے بچانے کے لیے ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس کی مد میں تمام بقایا جات جاری کیے جائیں، تنخواہوں کی ادائیگی میں معاونت کے لیے پچھلے سال کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس کی بنیاد پر اگلے 9 ماہ کے لیے کمپنیوں کوگرانٹ کیش سپورٹ  فراہم کی جائے۔

انہوں نے سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی کی مد میں ادائیگی کی چھوٹ سمیت بجلی و گیس پر کم ازکم ایک سال کے لیے 50 فیصد سبسڈی، ٹیکسوں میں ایک سال کے لیے ریلیف دینے اور مارک اپ پانچ فیصد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ای ایف پی کے صدر اسماعیل ستار نے تمام تر معاشی مشکلات کے باوجود اپنی بقاء قائم رکھنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسٹیشنری سیکٹر سے وابستہ صنعتکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں ای ایف پی آجروں کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون پیش کرے گی اور کارباروصنعت کو دوبارہ معمول کے مطابق بحال کرنے اور درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here