اسلام آباد: وزارتِ برائے قومی صحت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین مارچ 2021ء تک پاکستان میں دستیاب ہو جائے گی۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت نے ویکسین کی خریداری کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مجوزہ طریقہ کار کے تحت پاکستان میں ویکسین مارچ 2021ء تک دستیاب ہو جائے گی، حکومت اس مقصد کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
’چار ارب ڈالر ہوں گے تو غریب اقوام کو کورونا ویکسین میسر آئے گی‘
کورونا ویکسین خریدنے کیلئے پاکستان عالمی بنک سے 153 ملین ڈالر امداد لے گا
معاونِ خصوصی برائے صحت نے کہا کہ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کون سی ویکسین پاکستانیوں کے لیے بہتر رہے گی کیونکہ خریداری کے حوالے سے کچھ پہلوؤں کا فیصلہ کرنا دشوار ہے البتہ حکومتی کمیٹی ماہرین کی تجاویز پر غوروخوض کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔
مزید برآں، ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ویکسین لگانے کا عمل تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، مذکورہ ویکسین ایکسپینڈڈ پروگرام امیونائزیشن (ای پی آئی) کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں میڈیکل سٹاف جبکہ دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں عام عوام کے لیے کورونا ویکسین دستیاب ہو گی۔