اسلام آباد: وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) کے لارج ٹیکس پئیر آفس (ایل ٹی او) اسلام آباد نے تہذیب بیکرز اور میٹرو شوز کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹم سے منسلک نہ کرنے کی وجہ سے 10،10 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کے تحت ملک کے تمام بڑے ریٹیلرز کے لیے پی او ایس انٹیگریشن کرانا لازمی ہے، یہ سسٹم ریٹیلرز کی بروقت سیلز ایف بی آر سے شئیر کرنے کے علاوہ مجموعی سیلز ٹیکس کی نگرانی کیلئے بنایا گیا ہے۔
میٹرو شوز خواتین کے جوتوں اور ہینڈ بیگز کا بڑا برانڈ ہے، کمپنی کے پاکستان کے 24 شہروں میں 40 سیلز آؤٹ لیٹس ہیں جو بڑے ریٹیلرز میں شمار ہوتے ہیں جبکہ تہذیب بیکرز کی اسلام آباد اور راولپنڈی میں آٹھ شاخیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سیلز ٹیکس قوانین کے مطابق دونوں ریٹیلرز پہلی کیٹیگری کے ریٹیلرز میں شمار ہوتے ہیں، ٹیکس آفس سے بار بار نوٹسز اور یاددہانی کے باوجود تہذیب بیکرز اور میٹرو شوز نے اپنے آؤٹ لیٹس کو پی او ایس سسٹم سے منسلک نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیے:
رواں سال 63 فیصد زائد ٹیکس اکھٹا ہوا: ایف بی آر
رسیدوں سے سیلز ٹیکس کی معلومات غائب، اسلام آباد کی مشہور سپر مارکیٹ کا بڑا سکینڈل سامنے آ گیا
ذرائع کے مطابق ملک میں پہلی کیٹیگری کے تمام ریٹیلرز کے لیے 31 اگست 2020ء تک ایف بی آر کے پی او ایس سسٹم کے ساتھ منسلک ہونا لازم تھا لیکن اکثر ریٹیلرز اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کی اور اپنی سیلز کم بتانے اور قومی خزانے سے سیلز ٹیکس چرانے کے پیش نظر پی او ایس سسٹم کے ساتھ منسلک ہونے سے گریز کر رہے ہیں۔
ذرائع نے تصدیق کی کہ اس کیٹیگری میں آنے والے دیگر نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی کر کے جرمانے عائد کیے جائیں گے، ایل ٹی او کی جانب سے جرمانہ نہ ادا کرنے والے ریٹیلرز کے آؤٹ لیٹس اور کاروباری مراکز بند کر دیے جائیں گے۔