سویڈش کمپنیوں کو پاکستانی آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت

714

اسلام آباد: وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق سے بدھ کو سویڈن کے پاکستان میں سفیر ہنرک پیرسن نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے سویڈن کے سفیر کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی اور وزارت کے افسران بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، سویڈن کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ان کی وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان سویڈن کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سویڈن اور پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیئے ماحول سازگار ہے، سویڈش کمپنیاں پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا آئی ٹی برآمدات میں موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 44 فی صد تک اضافہ ہوا ہے، آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا وزارت آئی ٹی ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر سویڈن کے سفیر نے کہا کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لیے وزارت آئی ٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔ اس سے پہلے سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی نے سویڈن کے سفیر کو وزارت آئی ٹی کے اقدامات اور پروگرامز بارے میں بریف کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here