انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی: ایف بی آر

1005

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی، تمام کمرشل بینک ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے آج (8 دسمبر) رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام فیلڈ دفاتر ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، ٹیکس گزار رات 12 بجے تک آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

’دنیا میں سالانہ 34 ملین نرسوں کی تنخواہ کے برابر ٹیکس چوری‘

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے 43 کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس جمع کر لیا

قابل ٹیکس آمدن والے 10 لاکھ افراد، 50 ہزار کمپنیاں گوشوارے جمع کرانے سے گریزاں

ایف بی آر کے مطابق تمام ذیلی دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع سے متعلقہ درخواستیں وصول کرنے کے لئے ہیلپ ڈیسک تشکیل دیں۔

چیف کمشنر کو موصول ہونے والی تاریخ میں توسیع سے متعلق ایک درخواست کے ذریعے کئی ٹیکس گزاروں کو توسیع دی جا سکے گی بشرطیکہ ٹیکس گزار کا نام، شناختی کارڈ نمبر، این ٹی این اور حدود کی نشاندہی کے بارے میں بتایا گیا ہو۔

گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کے لئے آن لائن درخواست بھی قابل قبول ہو گی، چیف کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے سے متعلقہ تاریخ میں توسیع کی درخواستوں پر فراخ دلی کا مظاہرہ کریں۔

زیادہ سے زیادہ تعداد میں متوقع گوشوارے داخل کرنا آسان بنانے کے لئے آئی آر آئی ایس سسٹم کو بھی بہتر کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے ٹیکس گوشوارے جمع  کرانےکی تاریخ میں توسیع کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔

صدر کراچی چیمبر شارق وہرہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 30 جنوری تک توسیع کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباکی دوسری لہر میں ٹیکس ماہرین کے معمولات متاثر ہیں، مشکل وقت ہے چنانچہ ٹیکس دینے والوں کوسہولت فراہم کی جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here