لاہور: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈرابیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیوی (ڈی ایل ٹی ایل) سکیم کے تحت ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے 1.78 ارب روپے جاری کر دیے ہیں۔
مشیر تجارت رزاق داؤد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ “مجھے امید ہے کہ اس سے برآمدکندگان کے لیکویڈیٹی مسائل حل ہو جائیں گے اور وہ برآمدات بڑھانے کے قابل ہوں گے”۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے تک نان ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے بھی ڈی ایل ٹی ایل جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
چھوٹے مینوفیکچررز کیلئے یک صفحاتی انکم ٹیکس گوشوارہ متعارف
کپاس کی پیداوار میں 43 فیصد کمی، ٹیکسٹائل سیکٹر، برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ
انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے سفارت خانوں میں قائم ٹریڈ مشنز کو بھی چاہیے کہ وہ بیرونی درآمدکندگان کے ساتھ متحرک طور پر رابطہ رکھیں۔
اس سے قبل مشیرتجارت نے مشیر تجارت نے کہا کہ تھا نومبر 2020ء کے دوران ملک کے مختلف شعبوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کی ویلیو ایڈڈ برآمدات سے متعلق پالیسیاں برآمدات کے فروغ اور مثبت رجحان کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2019ء کی برآمدات کے مقابلے میں نومبر 2020ء کے دوران ہوم ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکلز کی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ، چاول 14 فیصد، سرجیکل مصنوعات 11 فیصد، جرابیں 41 فیصد، خواتین کے گرم ملبوسات 21 فیصد اور مردوں کے گارمنٹس کی برآمدات میں 4.3 فیصد اضافے کا رجحان رہا۔
انہوں نے کہا کہ چار سال بعد جاپان نے پاکستان سے پرندوں اور چوپایوں کے پنجروں اور انٹریوں کی درآمد دوبارہ سے بحال کر دی ہے۔