پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں 21.54 فیصد اضافہ

628

لاہور: نومبر 2020ء کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی سالانہ اعتبار سے شرح نمو میں 4.19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم ستمبر اور اکتوبر 2020ء کے مقابلے میں یہ شرح کم رہیں۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2020ء کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیل 4.508 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ برس نومبر 2019ء میں یہ حجم 4.327 ملین ٹن تھا۔

اسی طرح ستمبر 2020ء کے دوران ملک بھر میں سیمنٹ کی ترسیل 5.225 ملین ٹن اور اکتوبر 2020ء کے دوران 5.795 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔

سالانہ اعتبار سے نومبر 2020ء میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 6.29 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور 3.742 ملین ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ میں فروخت ہوا جبکہ نومبر 2019ء میں 3.521 ملین ٹن سیمنٹ مقامی طور پر فروخت ہوا تھا۔

سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں 4.99 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، نومبر 2020ء میں پاکستان نے 0.76 ملین ٹن سیمنٹ برآمد کیا جبکہ گزشتہ سال نومبر میں سیمنٹ کی برآمدات 0.8 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

جاری مالی سال کے دوران نومبر میں پہلی بار سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی۔

یہ بھی پڑھیے:

ستمبر میں پاکستانی سیمنٹ کی برآمدات 5.21 ملین ٹن رہیں

پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی برآمدات میں 8.27 فیصد اضافہ

اندرون ملک فروخت کی بات کی جائے تو نادرن ریجن میں نومبر میں سیمنٹ کی فروخت 4.79 فیصد اضافے سے 3.129 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ برس نومبر میں 2.986 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا تھا۔

ناردرن ریجن سے نومبر 2020 کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 30.81 فیصد کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور یہ گزشتہ برس کے 0.263 ملین ٹن کے مقابلے میں کم ہو کر 0.182 ملین ٹن تک آن پہنچیں۔

سدرن ریجن میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 14.66 فیصد اضافہ ہوا جو نومبر 2019 کی 0.53 ملین ٹن سے بڑھ کر 0.61 ملین ٹن رہی جبکہ اس ریجن سے برآمدات بھی 7.51 فیصد اضافے سے گزشتہ برس نومبر کی 0.54 ملین ٹن کی نسبت 0.584 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں۔

جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیل میں 16.61 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ برس کے اسی زیر جائزہ عرصے کی 20.444 ملین ٹن سے بڑھ کر 23.839 ملین ٹن تک جا پہنچی۔

پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی ترسیل میں بھی 15.55 فیصد اضافہ دیکھا گیا جو 16.837 ملین ٹن سے بڑھ کر 19.456 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں بھی 21.54 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 3.607 ملین ٹن سے تجاوز کر کے 4.384 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here