ایل ڈی اے کی چار ہزار رہائشی یونٹس تعمیر کرنے کی منظوری

اپارٹمنٹ سستے داموں فروخت کیے جائیں گے، خریداروں کو دس فیصد ڈائون پیمنٹ جبکہ بقیہ رقم بینک ٹرانسفر کے ذریعے ادا کی جائے گی

815

لاہور: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے کی لاگت سے چار ہزار رہائشی یونٹس تعمیر کرنے کی منظوری دے دی۔

ایل ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ’وہ تمام شہری جنہیں نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور کمرشل بینکوں کی جانب سے مارٹگیج فنانسنگ کی سہولت میسر ہو گی وہ ایل ڈی اے کے مذکورہ پروجیکٹ کے تحت تعمیر ہونے والے اپارٹمنٹ خریدنے کے قابل ہوں گے‘۔

وائس چئیرمین ایس ایم عمران کی زیرِصدارت ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ایل ڈی اے نے موضع ہلوکی میں 563 کینال پر تین منزلہ اپارٹمنٹس کے 32 یونٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو 125 بلاکس پر مشتمل ہوں گے، منصوبہ ایک سال میں تکمیل کو پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

’ہاؤسنگ سیکٹر کو ہدف سے کم قرضے دینے والے بینکوں کو جرمانے ہوں گے‘

پاکستان کی عالمی بینک سے سیاحت، توانائی، ہاؤسنگ سکیموں میں تعاون بڑھانے کی درخواست

اس سکیم کے تحت علاقے میں مساجد، سکول اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کی جگہ پر سڑکوں، واٹر سپلائی، سیوریج سسٹم، سائڈ واک، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر مکمل کی جائے، 35 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے 8500 کینال اراضی مختص کی گئی ہے، اس مقصد کے لیے 20 ارب روپے لاگت کا پی سی ون بھی منظور کر لیا گیا ہے۔

اجلاس کی جانب سے مشاورتی فرم اسلم ملک اینڈ کمپنی کی جانب سے تجویز کردہ مالیاتی ماڈل کی منظوری بھی دی گئی، مذکورہ فرم کو ایل ڈی اے سٹی نیو پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور بینکوں کی جانب سے خریداروں کو مارٹگیج فنانسنگ کے بارے میں بھی تفصیلاََ بات چیت کی گئی۔ خریداروں کو ایک اپارٹمنٹ کیلئے ابتداء میں صرف 10 فیصد رقم دینا ہو گی جبکہ بقیہ 80 فیصد رقم بینک مہیا کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here