بیجنگ: چین کے خلائی ادارے نے اپنے مشن کی جانب سے چاند کی سطح سے نمونے اکٹھے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
چین کے نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے) نے کہا ہے کہ چاند سے متعلق معلومات اکھٹی کرنے کی غرض سے مشن پر بھیجے گئے چانگ فائیو ربوٹ نے تحقیقات کے دوران چاند کے نمونے اکٹھے کر لیے ہیں۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق سی این ایس اے نے بتایا ہے کہ چانگ فائیو کے لینڈر نے بدھ کی صبح 4:53 بجے چاند کے نمونے حاصل کرنے کے لیے سطح پر سوراخ کرنے اور پھر نمونوں کی پیکیجنگ کا کام ختم کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات دیر گئے چاند کے قریب کامیابی کے ساتھ اترنے کے بعد چانگ فائیو نے اپنے شمسی پروں کو کھول کر مشن کی تیاری کی جس کے بعد چاند کے نمونے لینے کے دو طریقے اپنائے گئے ہیں جس میں نمونے جمع کرنے کے لئے ڈرل استعمال کرنا اور میکانی بازو سے سطح سے نمونے جمع کرنا شامل تھا۔
اگر یہ مشن اپنے مقصد میں کامیاب ہو گیا تو چاند کے نمونے حاصل کرنے والے ممالک، امریکا اور روس کے بعد چین تیسرا ملک بن جائے گا۔
خیال رہے کہ چین کے لونر مشن کا مقصد چاند کی سر زمین اور اس کی چٹانوں کے بارے میں جاننا ہے تاکہ سائنسدان چاند کی ابتداء، اس کی تشکیل اور وہاں موجود آتش فشاں کی سرگرمی کے بارے میں جان سکیں۔