اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 36.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں بنگلہ دیش سے درآمدات میں 78.50 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جولائی سے اکتوبر 2020ء تک بنگلہ دیش سے درآمدات کا حجم 20.194 ملین ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش سے درآمدات کا حجم 11.31 ملین ڈالر تھا۔
اکتوبر 2020ء میں بنگلہ دیش کو پاکستانی درآمدات کا حجم 8.07 ملین ڈالر رہا، گزشتہ سال اکتوبر میں بنگلہ دیش سے درآمدات کا حجم 5.64 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر 2020ء تک بنگلہ دیش کو 169.71 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو پیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 46.34 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 248.35 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اکتوبر 2020ء میں بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 42.21 ملین ڈالر رہا، گزشتہ سال اکتوبر میں بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 67.41 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔