فرینکفرٹ: امریکہ کی الیکٹرک گاڑیاں اور چارجنگ سٹیشنز بنانے والی کمپنی ٹیسلا جرمنی کے دارلحکومت برلن کے نزدیک دنیا کا سب سے بڑی الیکٹرک وہیکلز بیٹری اور سیل مینوفیکچرنگ فیکٹری قائم کرے گی۔
ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ برلن کے جنوب میں گھنے درختوں سے ڈھکے مقام گریون ہیڈے میں گیگا فیکٹری کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا افتتاح آئندہ سال متوقع ہے۔
فرینکفرٹ میں یورپین بیٹری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک کا کہنا تھا کہ یورپ میں ٹیسلا کی پہلی فیکٹری میں سالانہ پانچ لاکھ ماڈل تھری سیڈان اور ماڈل وائے سپورٹ یوٹیلیٹی وہیکلز تیار ہوں گی جبکہ اسی کارخانے میں بیٹری سیلز بھی بنائے جائیں گے جن کی پاو شروع میں 100 گیگا واٹ آورز اور بعد ازاں 250 گیگا واٹ آورز تک لے جائی جائے گی۔
اس وقت یورپ میں الیکٹرک وہیکلز بیٹریز کی مارکیٹ میں چینی، جاپانی اور جنوبی کورین کمپنیاں نمایاں ہیں۔
یاد رہے کہ ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو پانچ سو ارب ڈالر پر پہنچنے کے بعد بلوم برگ کی سالانہ ورلڈ رچسٹ لسٹ میں ایلون مسک کو دنیا کا دوسر ا امیر ترین شخص قرار دیا گیا ہے۔