وزیراعظم کی تاریخی سیاحتی مقامات کی اصل شکل میں بحالی کی ہدایت

حکومت پنجاب کی ٹیکسلا، لاہور میوزیم کی اَپ گریڈیشن، گوردوارہ پنجہ صاحب کی تزئین و آرائش، قلعہ اٹک کو سیاحوں کیلئے کھولنے، 511 سیاحتی مقامات کیلئے موبائل ایپ بنانے کے حوالے سے بریفنگ 

729

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تاریخی اہمیت کے حامل سیاحتی مقامات کی اصل شکل میں بحالی کی ہدایت کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان سیاحت کے اعتبار سے بیش بہا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت بہتر اور غربت کے خاتمے میں مدد حاصل ہو گی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے سیاحت کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، مشیرِ وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سیاحت آصف محمود اور تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: 

خیبرپختونخوا میں آٹھ نئے سیاحتی زون بنانے کا فیصلہ

کورونا، عالمی سیاحت بدترین بحران سے دوچار، کھربوں ڈالر ڈوب گئے

پنجاب کے511 سیاحتی مقامات ایک ایپ پر دستیاب

اجلاس کو حکومت پنجاب کی طرف سے ٹیکسلا اور لاہور میوزیم کی اَپ گریڈیشن، ورلڈ بنک کی مالی معاونت سے گوردوارہ پنجہ صاحب کی تزئین و آرائش، اٹک قلعہ کو سیاحوں کیلئے کھولنے، صوبہ بھر میں موجود 511 سیاحتی مقامات کیلئے موبائل ایپ بنانے اور ان جگہوں سے کچرے کی منتقلی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے 144 سرکاری رہائشوں کو آؤٹ سورس کرنے، سیاحتی مقامات پر تجاوزات گرانے، نئے سیاحتی مقامات بنانے اور اہ علاقہ کو اپنے گھروں کے ساتھ سیاحوں کیلئے رہائش بنانے کیلئے قرضے دینے کے حوالے سے تفصیلآ آگاہ کیا گیا۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی طرف سے سیاحت کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی اور سندھ میں آٹھ سو اڑسٹھ سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ، تھر میں ڈیزرٹ سفاری اور کینجھر جھیل میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا، بلوچستان کی طرف سے پانچ ساحلی پارکس بنانے کے علاوہ سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی.

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے اعتبار سے بیش بہا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اس شعبے کے فروغ سے ملکی معیشت بہتر اور غربت کے خاتمے میں مدد حاصل ہو گی۔

وزیراعظم نے تاریخی اہمیت کے حامل سیاحتی مقامات کی اصل شکل میں بحالی کو یقینی بنانے اور تمام سیاحتی مقامات کی قدرتی خوبصورتی کو بحال رکھنے کیلئے ان مقامات تک رسائی کیلئے گاڑیوں کے بجائے چیئرلفٹ یا پیدل چلنے کیلئے ٹریکس بنانے کی ہدایت کی۔

عمران خان نے ملک بھر کے سیاحتی مقامات پر تجاوزات کی روک تھام، صفائی کا مناسب بندوبست، منظور شدہ نقشے کے مطابق تعمیرات سمیت مختلف مسائل کے بروقت حل کیلئے قواعد و ضوابط بنانے کی بھی ہدایت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here