پاکستان کی نئی فضائی کمپنی ائیرسیال دسمبر میں اڑان بھرنے کو تیار

1175

کراچی: پاکستان کی نئی فضائی کمپنی ائیرسیال کی پہلی پرواز دسمبر کے وسط میں اڑان بھرنے کیلئے تیار ہے۔

ائیرلائن نے جون 2020ء میں اپنے فضائی آپریشنز کا آغاز کرنا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث فضائی سفری پابندیوں کی وجہ سے پروازیں اڑانے کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔

پرافٹ اردو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ائیر سیال کیلئے پہلا جہاز کراچی پہنچ چکا ہے، یہ اے 320 ائیربس کا طیارہ ہے جو امریکی ریاست ایریزونا سے کراچی پہنچا ہے۔ یہ طیارہ AP-BOA کے طور پر رجسٹرڈ ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

کیا پی آئی اے کی جگہ عسکری ائیرلائن آ رہی ہے؟

ائیر سیال پاکستان میں پروازوں کا آغاز جون 2020ء ، بین الاقوامی روٹس کیلئے آئندہ سال کرے گی

ائیرسیال ابتدائی آپریشنز کا آغاز ائیربس کی A320-200s سیریز کے تین طیاروں سے کرے گی، جو ائیر کیپ (AerCap) سے لیز پر حاصل کیے گئے ہیں، یہ ہوائی جہاز لیز پر دینے والی دنیا کی بڑی کمپنی ہے جس کا ہیڈکوارٹرز ڈبلن آئیرلینڈ میں ہے۔

ائیرسیال کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس کی افتتاحی پرواز کہاں سے کہاں تک چلائی جائے گی۔

جمعہ (27 نومبر) کو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ائیرسیال کی پروازوں کا شیڈول اور اوقات کار طے کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس بلایا تھا جہاں ائیرسیال نے اپنی تجاویز پیش کی تھیں۔

دوسر جانب سیالکوٹ سے ہی تعلق رکھنے والے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ شہر اقبال کی بزنس کمیونٹی ایک بار پھر سب سے آگے رہی ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت قائم کی گئی ائیر لائین کیلئے نیا طیارہ حاصل کر لیا ہے۔

عثمان ڈار نے ائیر سیال انتظامیہ اور چیمبر آف کامرس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ائیرسیال کے لائسنسز کے معاملات میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے اہم کردار ادا کیا، اس سے خطے میں ہوائی سفر میں مزید آسانیاں پیدا کی جا سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان 9 دسمبر کو سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔

عثمان ڈارنے کہاکہ  نئی ائیر لائن سے سیالکوٹ کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور یہاں کی  ایکسپورٹ انڈسٹری کو بھی غیر معمولی فائدہ ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here