اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی وزیر مملکت سے ملاقات کے دوران پاکستانی شہریوں کو یو اے ای کے ویزوں سے متعلق مشکلات کا معاملہ اٹھا دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہفتہ کو نائیجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو اے ای کی وزیر مملکت ریم الہاشمی کے درمیان ملاقات ہوئی، اس دوران فریقین نے دو طرفہ تعاون، کوڈ-19 صورت حال، دبئی ایکسپو میں پاکستان کی شرکت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات اور عوام کے درمیان رابطوں کو اجاگر کیا اور متعدد شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی تعاون کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ نے اماراتی وزیر مملکت کو یو اے ای ویزا کے حوالے سے پاکستانی شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقین نے او آئی سی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امت مسلمہ کے لئے متحدہ اور بنیادی پلیٹ فارم کی حیثیت سے اس کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔