اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے مینوفیکچررز، جن کا ٹرن اوور پانچ کروڑ تک ہے، کی آسانی کے لئے ایک صفحہ پر مشتمل انکم ٹیکس گوشوارہ متعارف کرا دیا جس سے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز مستفید ہو سکتے ہیں۔
یہ گوشوارہ آئرس پورٹل پر دستیاب ہے، گوشوارہ میں ٹیکس سال 2020ء کے لئے اہل ٹیکس گزار کاروباری سرگرمیوں سے متعلق ڈیٹا کا اندراج کریں گے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق ایف بی آر نے پرال کے اشتراک سے آئرس نظام کو اپ گریڈ کیا ہے جس کے تحت ٹیکس افسر کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کی اطلاع اب ٹیکس گزاروں کو ان کے ای میل ایڈریس اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھی فراہم کی جائے گی۔
اس سے پہلے ٹیکس گزاروں کو آئرس پورٹل پر لاگ اِن ہونے کے بعد نوٹسز کے جاری ہونے کا علم ہوتا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر نے معلومات ٹیکس رے سسٹم متعارف کیا ہے جو اب ٹیکس آسان ایپ پر بھی دستیاب ہے، اس محفوظ ایپ کے ذریعے ٹیکس گزار معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے مزید سہولتی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ٹیکس گزاروں کو ٹیکس قوانین کی تعمیل میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔