لاہور: انٹرنیشنل مارکیٹ میں ڈالر کا مقابلہ کرنے کی کیلئے حکومت کی جانب سے آئندہ چند روز میں یورو اور سکوک بانڈز جاری کرنے کیلئے مشیر کا تقرر کیے جانےکا امکان ہے۔
ترجمان وزارتِ خارجہ کے مطابق وزارت خزانہ کو بانڈز میں دلچسپی رکھنے والے مالیاتی اداروں کی جانب سے بولیاں وصول ہوئی ہیں اور حکومت مالیاتی بولیوں اور تکنیکی اعتبار سے بانڈز کے سٹرکچر کے حوالے سے تجزیہ کر رہی ہے۔
حکومت کا دسمبر یا جنوری میں ممکنہ یورو بانڈز کے اجراء کے ذریعے ایک ارب ڈالر کے قریب رقم اکٹھی کرنے کا ارادہ ہے لیکن اس کا انحصار انٹرنیشنل مارکیٹ مں سرمایہ کاروں کی دلچسپی پر مبنی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
حبکو کی جانب سے پانچ ارب مالیت کے سکوک بانڈ کا اجراء حتمی مراحل میں
زرمبادلہ ذخائر کے استحکام کیلئے حکومت کا ڈیڑھ ارب ڈالر کے بانڈز جاری کرنے پر غور
اب تک تکنیکی پیشکش کے لیے عالمی سطح پر بولی لگانے والے چھ ادارے کوالیفائی کر چکے ہیں جن میں جے پی مورگن، ڈوئچے بینک، دبئی اسلامک بینک، سٹی بینک، کریڈٹ سوئس اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک شامل ہیں۔
تاہم ابھی تک وزارتِ خزانہ کی جانب سے کامیاب بولی لگانے والے مالیاتی اداروں کی فہرست کو حتمی شکل نہیں دی گئی، مختلف مالیاتی اداروں پر مشتمل دو کنسورشیم مقرر کیے جائیں گے جن میں یورو بانڈز کے لیے پانچ اور سکوک کے لیے چار مالیاتی ادارے شامل ہیں، منتخب کردہ کنسورشیم بانڈز کے اجراء انہیں عالمی مارکیٹ میں فروخت کے حوالے سے حکومت کی معاونت کریں گے۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ پاکستان نے 2017ء میں پانچ سال کے لیے ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز اور 10 سال کے لیے 1.5 ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز جاری کیے تھے۔ سکوک بانڈز کے منافع کی شرح 5.6 فیصد اور یورو بانڈز کے منافع کی شرح 6.8 فیصد رکھی گئی تھی۔