وزیراعظم نے صنعتکاروں سے کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ کیلئے تجاویز مانگ لیں

فیصلہ سازی کے عمل میں صنعت کاروں کو شامل کرنے کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، برآمدات کے حوالے سے مشکلات جلد دور کر دی جائیں گی: عمران خان

775

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے صنعتکاروں سے زراعت کے شعبے میں جدت لانے اور فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پر کارپوریٹ فارمنگ شروع کرنے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔

جمعہ کو صنعتکاروں کے ایک وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، وفد میں اعظم فاروق (چراٹ سیمنٹ)، بشیر علی محمد (گل احمد)، محمد علی تابہ (لکی سیمنٹ)، ثاقب شیرازی (ہنڈا اٹلس) فواد مختار (فاطمہ فرٹیلایزر)، عارف حبیب (عارف حبیب گروپ لمیٹڈ) اور حسین داؤد (اینگرو کارپوریشن) شامل تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر محمد حماد اظہر، مشیرانِ عبدالرزاق داؤد، عبدلحفیظ شیخ اور ڈاکٹر عشرت حسین کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو میسر حکومتی سرپرستی کے مثبت نتائج آنا شروع ہو چکے ہیں۔ ملکی زرمبادلہ ذخائر کا بلند ترین سطح پر ہونا پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی معاشی ٹیم ہر وقت ان کی رہنمائی اور مسائل کے حل کیلئے دستیاب ہوتی ہے۔ حکومتی کاوشوں سے پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارے سے نکل کر سر پلس ہونا معیشت کیلئے انتہائی خوش آئند ہے۔

وفد نے وزیراعظم کی تعمیراتی شعبے کی سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیمنٹ کی کھپت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ کورونا وبا کے باوجود تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی اور ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو چکے ہیں اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملے ہیں۔ وفد نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے معیشت کی بہتری کیلئے اپنے خدمات پیش کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ ملکی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے، فیصلہ سازی کے عمل میں صنعت کاروں کی تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے صنعتکاروں کو برآمدات میں پیش آنے والے مشکلات کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے صنعتکاروں سے زراعت کے شعبے میں جدت لانے اور مختلف فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پر کارپوریٹ فارمنگ شروع کرنے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here