اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے گزشتہ11 ماہ کے دوران پاکستان میں اوسطاََ ماہانہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق اعدادوشمار جاری کر دئیے۔
اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران 220.89 ملین ڈالر کی اوسط ماہانہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی گئی ہے۔
اس دوران سب سے زیادہ ایف ڈی آئی دسمبر 2019 میں 493.03 ملین ڈالر جبکہ سب سے کم براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اگست 2020 میں 112.34 ملین ڈالر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
آٹوموبائل آلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافہ
ترکی کا بڑا کاروباری گروپ پاکستانی رئیل سٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے تیار
سات سالوں میں سی پیک منصوبوں پر کتنے ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوئی؟
سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، اکتوبر میں ایف ڈی آئی میں 151 فیصد اضافہ
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد وشمار کے مطابق دسمبر 2019ء میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 493.03 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی تھی جبکہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 2429.84 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری آئی۔ اس طرح ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا اوسط ماہانہ حجم 220.89 ملین ڈالر رہا ہے۔
ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2020ء کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 219.63 ملین ڈالر رہا، فروری 2020ء میں 277.45 ملین ڈالر اور مارچ 2020 کے دوران 278.71 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی۔
اسی طرح اپریل 2020ء میں ایف ڈی آئی کا حجم 133.17 ملین ڈالر، مئی 2020ء میں 120.02 ملین ڈالر، جون 2020ء میں 174.79 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آئی۔
مزید برآں جولائی 2020ء کے دوران پاکستان میں 114.31 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی تاہم اگست 2020ء کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 112.34 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ 11 ماہ میں سب سے کم غیرملکی سرمایہ کاری ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر 2020ء کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 189 ملین ڈالر رہا تاہم اکتوبر 2020ء کے دوران ایف ڈی آئی میں نمایاں اضافہ ہوا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 317.39 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔