اسلام آباد: جاپان کی معاونت سے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کے کاشتکاروں کو 35 ملین روپے کے بیج اور کھاد مفت فراہم کر دی گئی۔
محکمہ زراعت پنجاب کے حکام نے کہا ہے کہ جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارے جائیکا کے اشتراک سے صوبہ کے جنوبی اضلاع میں بشمول مظفر گڑھ، لیہ اور بھکر وغیرہ میں ٹڈی دل سے متاثرہ کاشت کاروں کی معاونت کی جائے گی اور انہیں گندم سمیت مختلف فصلوں کے بیج اور کھادیں مفت فراہمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 35 ملین روپے کی لاگت سے شروع کئے جانے والے منصوبہ کے پہلے مرحلہ میں مظفر گڑھ کے 350 سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو 2800 تھیلے گندم کے بیج اور کھادیں تقسیم کی گئی ہیں جبکہ دیگر جنوبی اضلاع میں ایک ہزار کے قریب دو تا چار ایکڑ زمین کے مالک اور مزارعین کو بیج اور کھاد مفت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جائیکا نے اس حوالے سے 22.71 ملین جاپانی ین کی معاونت فراہم کی ہے جبکہ منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 3 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔