اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی سابق معاونِ خصوصی برائے ای گورننس اور ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی سربراہ تانیہ ایدروس نے اپنا یوٹیوب چینل شروع کر دیا۔
تانیہ ایدروس کو دوہری شہریت کے معاملے پر تنقید کا سامنا تھا جس وجہ سے وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں، اب انہوں نے یوٹیوب چینل کے ذریعے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔
تانیہ ایدروس نے اپنے چینل کا نام بھی ’ڈیجیٹل پاکستان‘ رکھا ہے، ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ “آپ میں سے کچھ لوگ مجھے گوگل کی سابق ملازمہ کے حوالے سے جانتے ہیں، کچھ لوگ مجھ سے ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہی کے حوالے سے واقف ہیں اور کچھ وزیراعظم کی سابق معاونِ خصوصی کے طور پر جانتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے: تانیہ ایدروس مستعفی ہوئیں یا انہیں ہٹایا گیا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یوٹیوب چینل کا صرف آغاز شائد اتنی اہمیت نہیں رکھتا، لیکن لوگوں کے سوالات کے جواب دینا، ان میں ڈیجیٹل پاکستان کے حوالے سے شعور اجاگر اور انکی حوصلہ افزائی کرنا اصل اہمیت کا حامل ہے اور یہی ان کا مقصد ہے۔
واضح رہے کہ جولائی 2020ء کے آخر میں تانیہ ایدروس نے سربراہ ڈیجیٹل پاکستان انیشی ایٹو کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا، ٹوئٹر پر اپنے استعفی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں دوہری شہریت کی وجہ سے بہت زیادہ تنقید کا سامنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان پر ہونے والی تنقید اور الزامات کا اثر ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے مقاصد پر پڑ رہا تھا لہٰذا عوامی و ملکی مفاد میں انہوں نے اپنا استعفی وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دیا ہے تاہم وہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کی خدمت جاری رکھیں گی۔
اس سے سے پہلے تانیہ ایدروس گوگل کے ساتھ 12 سال سے کام کر رہی تھیں اور وہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کا حصہ بننے کے لیے وطن واپس آئیں تھیں اور انھیں اس حوالے سے معاونِ خصوصی کی ذمہ داری دی گئی تھی۔