اسلام آباد: پاکستان اور جنوبی امریکا کے ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران جنوبی امریکا کے ممالک ارجنٹائن، برازیل اور یوراگوئے کو پاکستانی برآمدات کا حجم 50.462 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 8.64 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 55.65 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق ستمبر 2020ء میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 22.89 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گذشتہ سال ستمبر میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 18.94 ملین ڈالر رہا تھا۔
مالی سال 2019-20ء میں جنوبی امریکی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا کل حجم 219.11 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اسی طرح پہلی سہ ماہی میں جنوبی امریکا کے ممالک سے 183.02 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں، گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 123.49 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ستمبر 2020ء میں جنوبی امریکی ممالک سے 36.92 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئیں، گذشتہ سال ستمبر میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 33.90 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔