ترک سرمایہ کار پاکستان میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے آمادہ

748

اسلام آباد: ترکی کی کمپنیوں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تعمیراتی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پاکستان میں صنعتی یونٹس لگانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

اے ڈی گروپ کے صدر مصطفیٰ ساک، بریکس پلس کے چیئرمین آف بورڈ کامل ارسلان اور این جی کتہیا سرامک پورسلین ٹورزم کے ایریا منیجر مصطفیٰ آرہون وفد میں شامل تھے۔ امارت گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین شفیق اکبر بھی ترک وفد کے ہمراہ تھے۔

ترک وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرنے کے بعد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر یاسر الیاس خان نے انہیں پاکستان کے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، اکتوبر میں ایف ڈی آئی میں 151 فیصد اضافہ

ترکی کی کراچی میں ٹرام سروس چلانے کی پیشکش

ترکی کا بڑا کاروباری گروپ پاکستانی رئیل سٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے تیار

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہائوسنگ یونٹس اور کمرشل بلڈنگز کی زبردست مانگ ہے، موجودہ حکومت نے بھی تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے انتہائی پرکشش پیکیج دیا ہے، ترک سرمایہ کاروں کے لئے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ پاکستان کے تعمیراتی سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترک سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ ٹیکنالوجی اور مہارت کی منتقلی سے پاکستان میں تعمیراتی اور دیگر شعبوں میں صنعتی یونٹس لگائیں جس سے ہمارے ملک کی معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔

یاسر الیاس خان نے یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے لئے ہرممکن سہولت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر ترکی کے اے ڈی او گروپ کے صدر مصطفیٰ ساک نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت دیکھی ہے لہٰذا ان کی کمپنی تعمیراتی شعبے کا سامان اور مصنوعات تیار کرنے کے لئے پاکستان میں صنعتی یونٹ لگانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ ان کا تعاون دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گا کیونکہ اس سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

مصطفیٰ ساک نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ترجیحی تجارتی معاہدے پر کام کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد ٹرانسپورٹ، ٹیلی کام، مینوفیکچرنگ اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، اس معاہدے کو حتمی شکل ملنے سے پاکستان اور ترکی کے مابین تجارت و سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔

امارت گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین شفیق اکبر نے کہا کہ امارات گروپ ترکی کے مزید سرمایہ کاروں کو پاکستان لانے کے لئے کام کر رہا ہے جس سے ناصرف ان کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے ترکی اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here