پشاور: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے۔
ترجمان پشاور ہائیکورٹ کے مطابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا کے مرض میں مبتلا تھے اور اسلام آباد کے کلثوم انٹر نیشنل اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے کل ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال سے ملک بہترین منصف سے محروم ہو گیا۔
خیال رہے کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ اس تین رکنی بینچ کے سربراہ تھے جس نے سنگین غداری کیس میں سابق آرمی چیف و صدر مملکت پرویز مشرف کو سزائے موت سنائی تھی۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے 9 نومبر سے قرنطینہ میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، ان کے بیٹے نے بتایا کہ والد نے تمام مصروفیات منسوخ کر دی ہیں۔