پاکستان سے بھارتی انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم ‘زی فائیو‘ کو ادائیگیوں پر پابندی

657

کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے بھارتی انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ کو سبسکرپشن فیس کی مد میں ادائیگیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق ’زی فائیو‘ کو پاکستان سے ادائیگیوں پر پابندی کابینہ ڈویژن کی جانب سے خط لکھے جانے کے بعد عائد کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک نے تمام قومی بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ زی فائیو کے لیے ہر قسم کی سبسکرپشن فیس کی ادائیگی پر تمام فوری پابندی لگائی جائے اور 13 نومبر تک تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

ایس بی پی کے مراسلے کے مطابق بھارت ’زی فائیو‘ کے ذریعے پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کرنے میں سرگرم ہے۔

زی فائیو (ZEE5) کا آغاز 14 فروری 2018ء کو کیا گیا تھا، یہ نیٹ فلیکس کی طرز کا ویڈیو پلیٹ فارم ہے جس پر انگریزی، اردو، بنگالی، پنجابی سمیت کئی زبانوں میں نئی اور پرانی فلمیں، ڈرامے اور ویب سیریز دستیاب ہیں۔ یہ بھارت کے ایزل گروپ (Essel Group) کی ملکیت ہے اور اس گروپ کی ذیلی کمپنی زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزز اسے چلا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here