اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران نجی شعبہ نے 101 ارب روپے کے قرضے واپس کئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں نجی شعبہ نے 85 ارب روپے کے قرضے واپس کئے تھے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا ستمبر 2019 میں شوگر انڈسٹری نے 42 ارب روپے کے قرضے واپس کئے تھے جبکہ جولائی تا ستمبر 2020 کے دوران شوگر انڈسٹری کی جانب سے 82 ارب روپے کے قرضہ جات واپس کئے گئے ہیں۔
اسی طرح سیمنٹ تیار کرنے والی صنعت کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی کا حجم 1.7 ارب روپے کے مقابلہ میں 10 ارب روپے تک بڑھ گیا۔
مزید برآں رواں مالی سال2021 کی پہلی سہ ماہی میں آٹو سیکٹر نے 16 ارب روپے کے قرض کی ادائیگی کی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال 2020 کے اسی عرصہ میں شعبہ کی جانب سے 1.9 ارب روپے کے قرضہ جات واپس کئے گئے تھے۔
ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملبوسات تیار کرنے والی صنعت نے 7.2 ارب روپے کے نئے قرضے حاصل کئے ہیں جبکہ 1.7 ارب روپے کے پرانے قرضے واپس کئے ہیں۔
اسی طرح ٹیکسٹائل کے شعبہ نے مجموعی طور پر جولائی تا ستمبر 2020 کے دوران 13.8 ارب روپے کے نئے قرضے حاصل کئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ نے 8.5 ارب روپے کے قرضے حاصل کئے تھے۔