اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے کے لئے نجکاری ڈویژن کو خط لکھ دیا ہے۔
منگل کو میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کے اداروں میں اصلاحاتی پروگرام کے تحت مختلف اداروں کو نجکاری کی فہرست میں ڈالا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پی ٹی وی کی نجکاری کی خبروں میں کتنی صداقت ہے؟
حکومت نے بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی فیس میں اضافہ مؤخر کردیا
انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی وی کی نجکاری کی چٹھی موصول ہوئی تو اس کا جواب بھیجا کہ پی ٹی وی کی نجکاری نہیں کرنی اسے فہرست سے نکال دیا جائے۔
شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی وی میں ری سٹریکچرنگ کے لئے ایک کمپنی کی خدمات حاصل کیں گئی ہیں وہ اپنا کام کر رہی ہے، جلد اس سے متعلق رپورٹ پیش کرے گی۔
دوسری جانب پی ٹی وی میں نئے بورڈ کی تشکیل پر کام ہو رہا ہے، آئندہ ہفتے تک نیا بورڈ بھی تشکیل دے دیا جائے گا ۔