لندن: برطانوی فوج کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا میں پائے جانے والے اضطراب، بے یقینی اور معاشی بحران کی وجہ سے تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کا خطرہ ہے۔
برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس نک کارٹر کا کہنا ہے کہ علاقائی تنائو اور غلطیوں میں اضافہ بالآخر بڑے پیمانے پر تنازعات کا باعث بن سکتے ہیں۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مختلف تنازعات میں ہلاک اور زخمی ہو جانے والے برطانوی فوجیوں کی یاد میں منعقدہ سالانہ تقریب کے موقع پر ایک انٹرویومیں کہا کہ تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے اور ہر کسی کا اِن خطرات سے آگاہ رہنا ضروری ہے کیونکہ اقتصادی بحران، عالمی مسابقت اور علاقائی تنازعات بڑے پیمانے پر فوجی تصادم میں بدل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ علاقائی کشیدگی میں اضافہ اقوام کو جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔ موجودہ دنیا میں بہت زیادہ غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہو چکی ہے، اس کے ساتھ عالمی سطح پر مسابقت کی حرکیات بھی ہماری زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں اضافہ ہمیشہ غلط تخمینوں کا باعث بنتا ہے، تاریخ کے مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ علاقائی تنازعات کو ہوا دینے والے رہنما اُن تنازعات کے نتائج کا درست اندازہ نہیں لگا پاتے، ایسے لوگ اسلحہ کے ڈھیر لگاتے ہیں اور جنگ کے شعلوں کو پوری دنیا میں پھیلا دیتے ہیں، گذشتہ دو عالمی جنگوں میں ایسے ہی ہو چکا ہے۔