اسلام آباد: چین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر سی پیک منصوبے کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا اعلیٰ و معیاری ماڈل بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کی، اس دوران چین پاکستان تعلقات اور سی پیک کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے چینی سفیر نونگ رونگ کے نیا عہدہ سنبھالنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین روایتی دوستی عوام کے دلوں میں گہری رچی بسی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید مضبوطی آئے گی۔ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لئے ایک اہم منصوبہ ہے اور اسے پاکستانی حکومت اور عوام کی دلی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی راہداری منصوبے کے لئے ”ون ونڈو، ون سٹاپ سروس‘‘ کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور چین کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی کو مزید تقویت دینے کے لئے تیار ہے تاکہ گوادر پورٹ، انفرا سٹرکچر، صنعت، زراعت اور سوشل اکانومی جیسے اہم شعبوں میں باہمی تعاون کے ساتھ پیشرفت کو فروغ دیا جا سکے۔
عاصم سلیم باجوہ نے سی پیک منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے عملے کو موثر انداز میں تحفظ اور سکیورٹی فراہم کرنے کا اعادہ کیا تاکہ راہداری سے زیادہ سے زیادہ معاشی اور معاشرتی فوائد حاصل کئے جا سکیں اور دونوں ممالک کے عوام اس سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں اور سی پیک دونوں ممالک کے مابین ہمہ جہتی تعاون کا ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے۔ دونوں ممالک کے اعلی رہنماﺅں کی توجہ اور تعاون کے باعث سی پیک کی تعمیر کے ضمن میں مسلسل مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین کا سفارت خانہ سی پیک اتھارٹی کے ساتھ روابط اور تعاون کو مستحکم کرنے، دونوں ممالک کے رہنماﺅں کے اتفاق رائے کو مزید عملی شکل دینے ، 10 ویں جے سی سی کے لئے فعال تیاری، صنعتی پارکس، زراعت اور سماجی شعبوں میں تعاون کو مزید استحکام اور وسعت دینے اور سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا اعلیٰ و معیاری ماڈل بنانے کیلئے پرعزم ہے۔