حسن ابدال: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جسے قرضے نہ مانگنا پڑیں۔
جمعہ کو حسن ابدال میں ریلوے سٹیشن کی اَپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نئے پاکستان میں ریلوے کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ ریل کے ذریعے عام آدمی سستا اور آرام دہ سفر کرتا ہے۔ ساری دنیا میں ریل سفر کا بہترین ذریعہ ہے۔
وزیر اعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ انگریز کے دیئے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی گئی، اس کو توسیع دینے کی بجائے اس میں 50 کلومیٹر کی کمی ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ چین نے دنیا کا تیز ترین ریلو ے نظام بنایا ہے، وہ پاکستان میں بھی بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے، ایم ایل وَن 9 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے جسے بات چیت کے ذریعے 6 ارب ڈالر تک لے آئے ہیں۔ اس منصوبے سے ملکی معیشت کو بھی فائدہ اور کاروبار آسان ہو گا۔
عمران خان نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی سے قرضے نہ مانگنا پڑیں کیونکہ موجودہ حکومت کو ایک ایسا ملک ورثے میں ملا جو قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں پاکستان ریلوے اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومتی اقدامات سے معیشت نے ترقی کرنا شروع کر دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ویزہ سسٹم کو بہتر بنانے اور سیاحت کی ترقی کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ صرف سیاحت کو ترقی دے کر ملک کو اس قابل بنایا جاسکتا ہے کہ قرضے نہ مانگا پڑیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسن ابدال ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن میں مقامی وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے۔ ننکانہ صاحب ریلوے سٹیشن منصوبہ بھی رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔ حسن ابدل ریلوے سٹیشن پر سکھ یاتریوں کے لئے مہمان خانے بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ نوکریاں ملیں گی، منصوبے میں 90 فیصد فنڈز چینی حکومت فراہم کرے گی جبکہ کام کرنے والے 90 فیصد مزدور پاکستانی ہوں گے، اس ماہ منصوبے کا ٹینڈر ہو جائے گا،ریلوے مزدوروں کے ٹیکنیکل الائونس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ریلوے کا بزنس بہت متاثر ہوا۔ صنعتوں کے لئے بجلی کے نرخوں میں رعایت حکومت کا اہم کارنامہ ہے، عمران خان کی قیادت میں معیشت سمیت تمام چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔