ایس ای سی پی: ایک ماہ میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 26 فیصد اضافہ

اکتوبر میں 2 ہزار 107 کمپنیوں کی رجسٹریشن، ٹریڈنگ سیکٹر سے سب سے زیادہ 341، تعمیرات سے 245،  آئی ٹی سے 231 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، اسلام آباد پہلے، لاہور دوسرے، کراچی تیسرے نمبر پر رہا

1390

اسلام آباد:  رواں برس اکتوبر میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے دو ہزار  107 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جو گزشتہ برس کے اس مہینے کی نسبت 26 فیصد زائد ہیں۔

اس حوالے سے پرافٹ اردو کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ماہ اکتوبر میں ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے والی 99 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن طریقے سے کی گئی  اور ان کمپنیوں میں سے 34 فیصد کی رجسٹریشن اسی دن ہوئی جس دن انہوں نے اپلائی کیا تھا۔

اسی طرح رواں سال کے دسویں مہینے ( اکتوبر)  میں ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے والی دو ہزار  107 کمپنیوں میں سے 69  فیصد کی رجسٹریشن پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر، 28 فیصد کی بطور سنگل ممبر اور بقیہ تین فیصد کی اَن لسٹڈ، ناٹ فار پرافٹ، غیر ملکی اور لمیٹڈ لائبیلٹی پارٹنرشپ کمپنیز کے طور پر کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:

سوئس کمپنی پاکستان میں ادویہ سازی کی صنعت میں سرمایہ کاری کرے گی

فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ: آئل مارکیٹنگ کمپنی ٹوٹل کا پاکستان میں کاروبار شدید متاثر

ٹریڈنگ سیکٹر سے سب سے زیادہ 341، تعمیراتی شعبے سے 245،  انفارمیشن ٹیکنالوجی سے 231، خدمات کے شعبے سے 182، رئیل سٹیٹ ڈویلپمنٹ سے 137، فوڈ اینڈ بیوریجز سے 110، ٹورازم سیکٹر سے 86، ای کامرس سیکٹر سے 78، کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ، مارکیٹ اینڈ ڈیویلپمنٹ اور فارما سیوٹیکل سے 59، 59 کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔

اسی طرح ٹیکسٹائل سیکٹر سے 51، انجینئرنگ سے 48، تعلیم کے شعبے سے 47، صحت کے شعبے سے 35، ٹرانسپورٹ کے شعبے سے 31، کان کنی کے شعبے سے  26، آٹو اور کیمیکل سیکٹر سے 25، 25، ایندھن اور توانائی کے شعبہ جات سے 22 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

رواں ماہ پاور جنریشن کے شعبے سے 20، سٹیل اور متعلقہ شعبے سے 19، کمیونیکیشن، کاسمیٹکس اور واش روم میں استعمال ہونے والی مصنوعات بنانے والی انڈسٹری سے 15، 15، براڈکاسٹنگ اینڈ ٹیلی کاسٹنگ اور کیبل کی صنعت سے 14، 14 اور بجلی سے چلنے والے آلات بنانے والی صنعت سے 76 کمپنیاں رجسٹر کروائی گئیں۔

اس کے علاوہ 35 نئی کمپنیوں میں الجیریا، بیلجیم، چین، ڈنمارک، جرمنی، جنوبی کوریا، میکسیکو، سنگاپور، سری لنکا، ترکی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکی سرمایہ کاری ہوئی۔

سب سے زیادہ کمپنیاں اسلام آباد میں رجسٹرڈ کی گئیں جن کی تعداد  714 ہے اس کے بعد دوسرے نمبر پر لاہور اور تیسرے پر کراچی رہا جہاں بالترتیب 611 اور 318 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد دو ہزار 365 تھی جو ستمبر 2019ء کے مقابلے میں 69 فیصد زیادہ تھی۔ ستمبر 2020ء میں نئی رجسٹرڈ شدہ کمپنیوں میں 68 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ، 29 فیصد سنگل ممبر اور 3 فیصد اَن لسٹڈ، نان پرافٹ ایسوسی ایشنز کے طور پر رجسٹرڈ ہوئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here