متحدہ عرب امارات، 2021ء کیلئے 15.8 ارب ڈالر بجٹ منظور

721

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے مالی سال2021ء کے لئے 58 ارب درہم (15 ارب 80 کروڑ ڈالر) بجٹ کی منظوری دے دی۔

امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ کی منظوری دی گئی جو ابو ظہبی کے قصر الوطن میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید آل نھیان اور نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر شیخ منصور بن زاید آل نھیان بھی شریک تھے۔

اس موقع پر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود بڑے منصوبوں اور معاشرتی ترقی کے شعبوں پر توجہ مرکوز رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں سرکاری اخراجات کی کارکردگی دنیا میں سب سے زیادہ بہتر ہے۔ تیز رفتار معاشی بحالی کے حصول کے لئے قومی ترقیاتی ترجیحات پر سمجھوتہ کئے بغیر 2021ء کا بجٹ تیار کیا گیا ہے۔

کابینہ نے مالی سال2021ء کے لئے یونین کے عمومی بجٹ کی منظوری دی جس میں 58.113 ارب درہم کے اخراجات رکھے گئے ہیں، وفاقی بجٹ میں معاشرتی اور معاشی ترقی دونوں پر توجہ دی جا رہی ہے، بجٹ کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دینا ہے تاکہ اماراتیوں اور رہائشیوں کو ایک اچھا طرز زندگی مہیا کیا جا سکے۔

کابینہ اجلاس میں امارات انویسٹمنٹ اتھارٹی (ای آئی اے) کے 2007ء میں قیام کے بعد سے اب تک کی کامیابیوں کے بارے میں ایک رپورٹ کا جائزہ بھی لیا گیا۔ رپورٹ اتھارٹی کے زیر انتظام اثاثوں اور حکومتی ترجیحات کے تحت مستقبل کے منصوبوں پر مشتمل ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

وزٹ ویزا پر یو اے ای جانے والوں کیلئے پی آئی اے کا ہدایت نامہ جاری

یو اے ای کا گروپ وائی ٹرائب کے حصص کی خریداری کے لیے متحرک

کابینہ نے وزیرمملکت برائے امور نوجواناں شمع بنت سہیل بن فارس المزروئی کی سربراہی میں امارات یوتھ کونسل کی تنظیم نو کی منظوری دی۔ کونسل کو تمام شعبوں میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا عمل تیز کرنے کیلئے نئی ذمے داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔

کابینہ نے مالی سال 2019ء کے لئے امارات رئیل اسٹیٹ کارپوریشن کے حتمی اکاؤنٹ کی منظوری دی جس میں کارپوریشن نے گذشتہ سال کے محصولات میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ کیا ہے۔

کابینہ نے بحرانوں کے دوران رضاکار خدمات کا جائزہ لینے کیلئے قائم کی گئی ٹاسک فورس کی کامیابی کے بارے میں وزارت کیمونٹی ڈویلپمنٹ کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا۔

متحدہ عرب امارات کا نیشن برانڈ اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے قومی برانڈ کی بھی منظوری دی گئی جس کا مقصد پوری دنیا میں ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کو اجاگر کرنا ہے۔ تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام ممالک کے ساتھ رابطوں اور مارکیٹنگ میں متحدہ عرب امارات کا برانڈ لوگو استعمال کریں۔

کابینہ نے مجموعی طور پر سات بین الاقوامی معاہدوں کی توثیق کی، ان میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین ایک دوسرے کے شہریوں کے لئے ویزا فری انٹری کا معاہدہ، متحدہ عرب امارات اور سیرا لیون کے مابین سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور باہمی تحفظ اور دہرے ٹیکسوں سے بچنے کا معاہدہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ برکینا فاسو اور گھانا کے ساتھ دوہرے ٹیکسوں سے بچنے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے دو معاہدوں جبکہ گوئٹے مالا اور روانڈا کے ساتھ ہوائی نقل و حمل کی خدمات سے متعلق بھی دو معاہدوں پر کی منظوری دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here