یورپ کو پاکستانی برآمدات میں پہلی سہ ماہی کے دوران اضافہ، درآمدات میں کمی

جولائی تا ستمبر تک ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن ، برطانیہ کو 582.69 ملین ڈالر مالیت کی مصنوعات بھیجیں گئیں: سٹیٹ بینک

636

اسلام آباد: شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں 2.32 فیصد اضافہ جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 1.84 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2020ء تک کی مدت میں شمالی یورپ ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن ، برطانیہ اور دیگرممالک کو 582.69 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2.32 فیصد زیادہ ہیں۔ گذشتہ سال ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 569.17 ملین ڈالر رہا تھا۔

ماہانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو ستمبر 2020ء میں شمالی یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم  206.22 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں زیادہ ہے، گذشتہ سال ستمبرمیں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم  183.85 ملین ڈالر رہا تھا۔

سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں شمالی یورپی ممالک سے درآمدات میں گذشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 1.84 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی سے ستمبر 2020ء تک کی مدت میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا حجم  279.06 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 284.21 ملین ڈالر تھا۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں مشرقی یورپی ممالک ہنگری، رومانیہ، روس، یوکرین کو پاکستان نے 139.65 ملین ڈالر کی برآمدات بھیجیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 0.47 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات کا حجم 133.17 ملین ڈالر تھا۔

ستمبر 2020ء کے دوران مشرقی یورپ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 50.36 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ ستمبر 2019ء میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 47.56 ملین ڈالر رہا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق پہلی سہ ماہی میں مشرقی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں 79.10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جولائی سے لیکر ستمبر 2020ء تک ہنگری، رومانیہ، روس، یوکرین اور دیگر ممالک سے درآمدات کا حجم 132.79 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال 74.14 ملین ڈالر تھا۔

ستمبر 2020ء میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 65.37 ملین ڈالر رہا، گزشتہ سال ستمبر میں مشرقی یورپی ممالک سے درآمدات کا حجم 17.19 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here