ٹوکیو: جاپان کی سب سے بڑی ریلوے کمپنی ایسٹ جاپان ریلوے نے کووڈ 19 عالمگیر وبا کے سبب اپریل تا ستمبر کی ششماہی میں تقریباً اڑھائی ارب ڈالر کا خسارہ ظاہر کیا ہے۔
جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق ایسٹ جاپان ریلوے گروپ نے مالی سال 1992ء میں ششماہی کاروباری نتائج جاری کرنا شروع کرنے کے بعد سے پہلی بار ششماہی خسارہ دکھایا ہے۔
ریلوے کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے پورے گروپ کی چھ ماہ کی فروخت، گزشتہ کاروباری سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً نصف رہ گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق ریل گاڑی کے ذریعے سفر کی طلب بہت کم ہو گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ سٹیشنوں کی عمارات میں واقع تجارتی سہولیات اور ہوٹلوں کی آمدنی میں بھی کمی آئی ہے۔
کمپنی کا یہ بھی تخمینہ ہے کہ آئندہ مارچ کے اختتام پر مکمل ہونے والے پورے مالی سال کا خسارہ تقریباً چار ارب ڈالر رہے گا۔ یہ اس کمپنی کا پہلا سالانہ خسارہ ہو گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اخراجات میں وہ تقریباً ایک ارب ڈالر کی کمی کا ہدف رکھتی ہے، اس کے لیے وہ منتظمین کے معاوضوں اور اشتہاری اخراجات میں کمی کرے گی۔