شنگھائی: ای کامرس کمپنی علی بابا کے چئیرمین جیک ما کا کہنا ہے کہ فن ٹیک کمپنی Ant Group کی آئی پی او (Initial Public Offering) قیمت کے لحاظ سے دنیا میں سب سے زیادہ ہو گی۔
شنگھائی کے مشرقی مالیاتی مرکز بنڈ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے جیک ما نے کہا کہ انسانی تاریخ کی یہ سب سے بڑی لسٹنگ نیویارک سے باہر منعقد ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال حتی کہ تین سال پہلے تک ہم اس بارے سوچ بھی نہیں سکتے تھے مگر یہ ایک معجزہ ہو گیا ہے، تاہم انہوں نے آئی پی او کی پرائسنگ سے متعلق کچھ نہیں بتایا جس کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیے :
مشرق وسطیٰ کی معیشتوں میں کساد بازاری کیوں سر اٹھا رہی ہے؟
علی بابا گروپ 35 ارب ڈالر کے شئیرز کیوں فروخت کرنا چاہتا ہے؟
واضح رہے کہ چینی ای کامرس کمپنی علی بابا کی پشت پناہی کے ساتھ Ant Group کی لسٹنگ بیک وقت ہانگ کانگ اور شنگھائی کی سٹار مارکیٹ میں ہو گی۔
ماہرین اندازہ لگا رہے ہیں کہ اس لسٹنگ کا مالی حجم 35 ارب ڈالر ہو سکتا ہے اور یہ سعودی عرب کی آرامکو کی 29.4 ارب ڈالر کا ریکارڈ توڑ دے گی جو گزشتہ برس دسمبر میں بنا تھا۔
جیک ما کا کہنا تھا کہ مالیاتی اور ریگولیٹری سسٹم جدت میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ مالیاتی خدمات کو چھوٹی فرمز اور انفرادی کاروباری افراد تک بڑھایا جائے اور Ant گروپ کی بنیاد اسی مقصد کے تحت رکھی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ عظیم دوم کے بعد بنایا گیا عالمی مالیاتی نظام بوسیدہ اور خطرات سے بھرپور ہے، اس نظام کے پیدا کردہ خطرات پوری معیشت میں پھیل رہے ہیں۔