اسلام آباد : پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں ملکی انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر کی برآمدات میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کی نسبت 43.55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس پیش رفت کے نتیجے میں جولائی تا ستمبر تک کے عرصے میں ملکی آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات کا مالی حجم 37 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے تین ماہ (جولائی تا ستمبر ) میں اس شعبے کی برآمدات کا مالی حجم 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا۔
یہ بھی پڑھیے :
چمڑے سے بنی ملکی مصنوعات کی برآمدات میں زبردست اضافہ
پاکستان میں آئی ٹی کے بڑے منصوبے کیلئے جنوبی کوریا قرض دینے کو تیار
اس حوالے سے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات سید امین الحق کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ٹی صنعت کی ترقی اور اس کی برآمدات میں اضافے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھا رہی ہے۔
انہوں نے آئی ٹی کی ملکی صنعت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس صنعت میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت موجود ہے۔