اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان بہت جلد معروف ویڈیو سٹریمنگ ایپ نیٹ فلکس کی طز پر اپنا ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم متعارف کرائے گا۔
پاکستانی قوم کو یہ خوشخبری سنانے کے لیے وفاقی وزیر نے ٹوئٹر کا سہارا لیا جس پر ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان کا پہلا OTT ( اوور دی ٹاپ ) ٹیلی ویژن لانچ کرنے کے لیے تیار ہے، اس سلسلےمیں تکنیکی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو اس پاکستانی ایپ پر دکھائے جانے والے کانٹینٹ کے حوالے سے گائیڈ لائنز تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے چلایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے :
دراز ڈاٹ پی کے پر سوشل میڈیا کے جعلی فالوورز کی خریدو فروخت کا انکشاف
انسٹا گرام کا خفیہ اشتہار بازی پر مبنی کانٹینٹ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
واضح رہے کہ پاکستان کے اپنے OTT ( اوور دی ٹاپ ) ٹیلی ویژن کی ضرورت کو شدت کے ساتھ محسوس کیا جا رہا تھا اور فنکار برادری بلخصوص اس کے قیام کا مطالبہ کر رہی تھی۔
یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ پاکستان کے او ٹی ٹی ٹیلی ویژن کی عدم موجودگی کے باعث پاکستان کی پانچ اوریجینل ویب سیریز معروف بھارتی سٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو پر نشر کی جا رہی ہیں۔
تاہم تاخیر سے ہی سہی مگر حکومت نے درست اقدام اُٹھا لیا ہے جس کے نتیجے میں اُمید کی جا رہی ہے کہ نئے اور بہتر آئیڈیاز رکھنے والے نوجوان فلم ساز سامنے آئیں گے اور پاکستانی عوام کو انٹرنیٹ پر ان کا اپنا اور اعلی معیار کا کانٹینٹ دیکھنے کو ملے گا۔
۔