اسلام آباد: جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران سونے کی درآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1.20 ملین ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 4.47 ملین ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصہ میں آئرن اور سٹیل کی درآمدات میں 1.24 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جولائی سے ستمبر 2020ء تک کی مدت میں 375.14 ملین ڈالرمالیت کا آئرن اور سٹیل درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 370.54 ملین ڈالر کا آئرن اور سٹیل درآمد کیا گیا تھا
پی بی ایس کے اعدادوشمارکے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران دیگر دھاتوں اور آرٹیکلز کی درآمدات میں 8.79 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران برآمدات میں 0.94 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی سے ستمبر 2020ء تک کی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 5.458 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 5.510 ارب ڈالر تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں درآمدات کا حجم 11.262 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 0.56 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں درآمدات کا حجم 11.262 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔