بی آر ٹی پشاور دوبارہ کب چلے گی؟

620

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے بی آر ٹی بس سروس 24 اکتوبر سے دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگش نے بی آر ٹی سروس کی دوبارہ بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی سٹیشن عملے کو بھی ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایک ماہ کے دوران بسوں میں آگ لگنے کے چار واقعات سامنے آنے کے بعد بی آر ٹی بس سروس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد روزانہ سفر کرنے والے افراد کی مشکلات بڑھ گئی تھیں۔

دوسری جانب ترجمان ٹرانز پشاور عمیر خان کا کہنا ہے کہ پشاور بی آر ٹی بس سروس متعین کردہ تاریخ سے ایک دن قبل عوام کیلئے بحال کر دی جائے گی۔ ٹرانس پشاور اور بس کمپنی کی ٹیم مکمل طور پر متحرک ہے، عوام کو محفوظ اور بہترین سفری سہولت دینا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی سروس کو مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا، بس کمپنی کے ماہرین کی جانب سے بی آر ٹی کی تمام بسوں کی دن رات جانچ پڑتال کی گئیں، تحقیقات اور جانچ پڑتال مکمل ہونے اور تکنیکی فالٹ کو دور کرنے کے بعد بی آر ٹی مرکزی راہداری پر سروس کو آزمائشی طور پر چلایا جا رہا ہے اور تمام بسوں کی روڈ اور لوڈ ٹیسٹنگ جاری تھی۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی تمام بسوں کی جامع تحقیقات، نئے آلات کی تنصیب، لوڈ اور روڈ ٹیسٹنگ کی گئی، بی آر ٹی کے تمام مسافروں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، مسافر حضرات بسوں میں غیر ضروری رش پیدا کرنے سے گریز کریں اور اگلی بس کا انتظار کریں۔

واضح رہے کہ دو ماہ  قبل 13اگست کو وزیر اعظم عمران خان نے بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کیا تھا تاہم بسوں میں آگ لگنے کے چار واقعات ہونے پر سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here