ہیلتھ ٹیک سٹارٹ اپ کا سیڈ راؤنڈ میں ملکی تاریخ کے ریکارڈ فنڈز جمع کرنے کا دعوی

ادویات اور صحت کے شعبے سے متعلق دیگر مصنوعات ڈلیور کرنے کی سروس MedznMore نے ابتدائی آپریشنز کے آغاز کے لیے سیڈ راؤنڈ میں 26 لاکھ ڈالر اکٹھے کرنے کا دعوی کیا ہے جو اگر درست ہے توایسا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے

697

لاہور : کراچی سے تعلق رکھنے والے صحت کے شعبے سے متعلقہ ٹیکنالوجی سٹارٹ اپ MedznMore نے ابتدائی آپریشنز کے آغاز کے لیے سیڈ راؤنڈ میں 26 لاکھ ڈالر اکٹھے کرنے کا دعوی کردیا ۔

یہ سٹارٹ اپ ادویات اور صحت کے شعبے سے متعلقہ مصنوعات کی ڈلیوری سے متعلق ہے۔

اگر سیڈ راؤنڈ میں اکٹھے کئے گئے فنڈز سے متعلق اس کا دعوی درست ہے تو اس کی بنیاد پر  MedznMore  پاکستان میں سیڈ راؤنڈ میں  سب سے زیادہ رقم اکٹھی کرنے والا سٹارٹ اپ بن گیا ہے ۔ تاہم پرافٹ کے رابطہ کرنے اور اس دعوے کی حقیقت سے متعلق ثبوت مانگنے پر کمپنی کے شریک بانی اسد خان نے اس حوالے سے کوئی بھی دستاویزات دکھانے سے انکار کردیا۔

پرافٹ اس سے پہلے بھی سٹارٹ اپس کی جانب سے سیڈ راؤڈ میں اکھٹی کی جانے والی رقم کے دعوی جات کی کامیابی سے تصدیق کرتا رہا ہے مگر MedznMore کے معاملے میں ہم ایسا نہیں کرسکے۔

یہ بھی پڑھیے :

 ادویات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ، حقیقت کیا ہے؟

جاپانی دوا جس سے کورونا کے مریض 10 دن میں صحت یاب ہو رہے

MedznMore نے اگست 2020 میں کام کا آغاز کیا اور کمپنی کے مطابق یہ مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کی سپورٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے ۔

یہ سٹارٹ اپ اسد خان اور سعد خاور نے مشترکہ طور پر شروع کیا ہے ۔ اسد خان ڈیوک یونیورسٹی سے پڑھے ہوئے ہیں اور انہوں نے حال ہی میں کریم کے جنرل مینیجر کے عہدے سے استعفی دیا ہے تاکہ وہ صحت سے متعلق مصنوعات کی عوام تک سستے داموں فراہمی کے جنون کو پورا کرسکیں۔

انہیں امریکا اور یورپ کی ہیلتھ انڈسٹری میں کام کرنے کا دس سالہ تجربہ ہے اور وہ IQVIA کے لیے برطانیہ اور آئیر لینڈ کے کنٹری مینیجر کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں۔

MedznMore دراز، کریم اور دوسری ای کامرس کمپنیوں کے سابقہ اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے رہی ہے تاکہ وہ مارکیٹ اور صارفین کی ضروریات سے آگہی کے ساتھ کام کیا جاسکے۔

فی الوقت کمپنی صرف کراچی میں اپنی خدمات فراہم کرہی ہے مگریہ جلد ہی دوسرے شہروں میں بھی کام کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

پرافٹ سے گفتگو میں اسد خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں جعلی ادویات کے مسئلے کا سدباب کرنا چاہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے ہم ادویات براہ راست انہیں بنانے والے اداروں سے حاصل کرتے ہیں اور ہم اپنی سروس کو عوام کے لیے با سہولت اور با کفایت بنانا چاہتے ہیں جو کہ صارفین کو انکا آرڈر چار گھنٹے  میں ڈلیور کرے گی۔

سعد خاور جو کہ MedznMore کے شریک بانی ہیں اور اس سے پہلے Dawaai.pk  کے ساتھ پراڈکٹ ہیڈ کے طور پرکام کرچکے ہیں کا پرافٹ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ MedznMore جدید ٹیکنالوجی، آپریشنل مہارت اور بہترین لاجیسٹکس کی حامل کمپنی ہے  جو اگلے چند ماہ میں صحت کے شعبے میں مخلتف قسم کی خدمات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ہیلتھ کئیر کا شعبہ ان چند شعبہ جات میں سے ہے جہاں ابھی ٹیکنالوجی نے پرانے طور طریقوں کی جگہ نہیں لی، یہ طور طریقے لوگوں کے لیے پیچیدہ، غیر آرام دہ اور مشکل کا باعث ہیں ۔ آنے والے دنوں میں ہم تشخیص، ٹیلی ہیلتھ اور ہیلتھ انشورنس کی مصنوعات پیش کریں گے تاکہ لوگوں کو صحت کے حوالے سے تمام سہولیات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوسکیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here