دعوئوں کے برعکس پی ٹی آئی حکومت نے دو سالوں میں 7.8 ارب ڈالر قرضہ لے لیا

جون 2018ء سے لے کر جون 2020ء تک سرکاری کاروباری اداروں نے 2.2 ارب ڈالر، نجی شعبہ نے 2.9 ارب ڈالر قرضہ لیا، سٹیٹ بینک کے بیرونی زرمبادلہ واجبات کا حجم 4.8 ارب ڈالر ہے: وزارت خزانہ

1305

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ جون 2018ء سے لے کر جون 2020ء تک کی مدت میں حکومت نے پہلے دو سالوں میں مالی خسارہ پر قابو پانے کیلئے 7.8 ارب ڈالر کا قرضہ (44 فیصد اضافہ) حاصل کیا۔

چکے ترجمان نے قومی میڈیا کے بعض حصوں میں بیرونی قرضہ اور واجبات میں اضافہ کے حوالہ سے شائع ہونے والی خبرکی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرونی قرضہ اور واجبات میں 17 ارب ڈالر اضافہ کے حوالہ سے جو اعدادوشمارجاری کئے ہیں اسے بہتر طور پر سمجھنے کیلئے وضاحت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

’کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کیلئے 79 کروڑ 20 لاکھ سرپلس ہو گیا‘

معیشت کیلئے اچھی خبر! جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زرمیں 31 فیصد اضافہ

ترجمان نے کہا کہ بیرونی قرضہ اور واجبات کے اعدادوشمار چارعناصر یعنی بیرونی سرکاری قرضہ، سرکاری کاروباری اداروں کا قرضہ، سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ واجبات اور نجی شعبہ کے بیرونی قرضہ پر مبنی ہوتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جون 2018ء سے لیکر جون 2020ء تک کی مدت میں حکومت نے 7.8 ارب ڈالر قرضہ حاصل کیا، 7.8 ارب ڈالر موجودہ حکومت کی جانب سے پہلے دوسالوں میں حاصل کردہ قرضہ کا حقیقی حجم ہے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ بات قابل توجہ ہے کہ اضافی قرضہ کثیرجہتی اور دو طرفہ ترقیاتی شراکت داروں سے حاصل کیا گیا جبکہ کمرشل ذرائع سے حاصل قرضہ کا حصہ واپس بھی کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کثیرجہتی اور دو طرفہ ترقیاتی شراکت داروں سے جو قرضہ حاصل کیا گیا وہ کم لاگت اورطویل المعیاد ہے جس نے موجودہ حکومت کے دور میں بیرونی سرکاری قرضہ کی پائیداریت کو بڑھانے میں اپنا کردارادا کیا۔

ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک کے فارن ایکسچینج واجبات کا حجم 4.8 ارب ڈالر (27 فیصد اضافہ) ہے، اسے سرکاری قرضہ نہیں سمجھنا چاہئیے کیونکہ یہ سٹیٹ بینک کے کیش بیلنس اور نقد اثاثوں کو متوازن بناتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نجی شعبہ نے بیرونی ذرائع سے 2.9 ارب ڈالر(16 فیصد اضافہ) کا قرضہ حاصل کیا جو ایک مثبت امر ہے اور اس سے نجی شعبہ کی اندرونی سرمایہ کاری کیلئے بیرونی ذرائع سے قرضہ جات حاصل کرنے کی استعداد کی عکاسی ہو رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  دو سالوں کے دوران سرکاری کاروباری اداروں نے مالیاتی ضروریات زیادہ تر ترقیاتی اخراجات سے متعلق ضروریات کیلئے 2.2 ارب ڈالر (13 فیصد اضافہ) کا قرضہ حاصل کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here