اسلام آباد: ملک میں موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 83.17 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا ستمبر 2020 تک کی مدت میں ملک میں 492.89 ملین ڈالر (49 کروڑ 20 لاکھ ڈالر) مالیت کے موبائل فونز کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 83.17 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 269.08 ملین ڈالر (26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر) مالیت کے موبائل فونز کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
سالانہ بنیادوں پر ستمبر 2020ء میں موبائل فونز کی درآمدات میں گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 76.69 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 17.79 فیصد اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ پہلی سہ ماہی میں درآمدات کا حجم 11.262 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی عرصہ کے مقابلہ میں 0.56 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملکی درآمدات کا حجم 11.262 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔