حفیظ سینٹر آگ، کروڑوں کا نقصان، تاجروں کا حکومت سے معاوضہ دینے کا مطالبہ

681

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) نے سانحہ حفیظ سینٹر کے متاثرین کی جلد مالی امداد اور حکومت سے متاثرہ کاروباروں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح نے کہا کہ حکومت کو جلد از جلد حفیظ سینٹر کے متاثرہ تاجروں کی امداد کرنی چاہیے تاکہ ان کے کاروباروں کو پھر سے بحال کیا ج اسکے۔ سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر ایل سی سی آئی نے کہا کہ حفیظ سینٹر میں لگنے والی آگ نے املاک، دکانوں اور ہزاروں لوگوں کے کاروباروں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے، سانحے کے اثرات آنے والی دہائی تک محسوس کیے جائیں گے، حفیظ سینٹر سے منسلک تاجروں، دکانداروں اور لوگوں کو سہولیات دینے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے حکومت کو پلان آف ایکشن بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے:

لاہور چیمبر کا کاغذ پر ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں کمی کا مطالبہ

لاہور، حفیظ سینٹر میں لگی آگ بے قابو، تیسری اور چوتھی منزل کو بھی لپیٹ میں لے لیا

افسوس ناک سانحے پر تاجروں کے غم کی ترجمانی کرتے ہوئے ایل سی سی آئی حکام نے کہا کہ کاروباری برادری کو پہلے ہی کورونا وائرس کے باعث کئی مشکلات کا سامنا تھا اور اس المناک سانحے نے کاروباروں کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں جو پارلیمنٹ کو اپنی رپورٹ جمع کرائے گی، یہ کمیٹی نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک ہفتے میں اپنی حتمی رپورٹ جمع کرائے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جیسے ہی حکومت کو نقصانات کے تخمینے کی رپورٹ موصول ہو تو وہ متاثرہ تاجروں کی مالی امداد کرے، جب تک حفیظ سینٹر مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتا حکومت کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی ذمہ داری لینی چاہیے۔

طارق مصباح نے سانحے کے دوران امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے پر ریسکیو اہلکاروں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here