اسلام آباد: ماڑی پیٹرولیم لمیٹڈ کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 21.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے مالیاتی نتائج کے مطابق جولائی سے لیکر ستمبر 2020ء تک کی مدت میں کمپنی کو 9.066 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.5 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں کمپنی کو 7.46 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق اس عرصہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 67.96 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 55.94 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ مالیاتی نتائج کے مطابق پہلی سہ ماہی میں کمپنی کی مجموعی سیلز میں 14.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔