اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے چینی ویڈیو شئیرنگ ایپ ٹک ٹاک سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے فحش اور اخلاق باختہ مواد پر مبنی اکائونٹس کو بلاک کرنے کی یقین دہانی کے بعد پابندی اٹھائی جا رہی ہے، مزید یہ کہ ایپ مقامی قوانین کے مطابق ہی کانٹینٹ کی اجازت دے گی۔‘
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویڈیو شئیرنگ ایپ پر پابندی کمپنی کی اس آفر کے 48 گھنٹے بعد ہی اٹھا لی گئی ہے جس میں کمپنی نے پابندی ہٹانے کے عوض پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: انسٹا گرام کا خفیہ اشتہار بازی پر مبنی کانٹینٹ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
پرافٹ اردو کی تحقیقات کے مطابق پاکستان میں اوسطاََ ہر صارف دن میں پانچ مرتبہ ٹک ٹاک ایپ استعمال کرتا ہے اور ایپ کے ماہانہ ویوز کی تعداد 14 ارب ہے، اور اوسطاََ ہر صارف دن میں 34 منٹ ٹک ٹاک استعمال کرتا ہے۔
سینسر ٹاور ڈیٹا کے مطابق سال 2020ء کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں ٹک ٹاک پاکستان میں پلے سٹور اور ایپل سٹور پر سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی پانچ ایپس کی فہرست میں شامل تھی۔
مگر رواں ماہ پابندی لگنے کے بعد اس کی یہ رینگنگ گر گئی اوراب یہ ملک میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی 20 ایپس کی فہرست کا حصہ بن گئی ہے۔