کراچی: میزان بینک وزیرِاعظم کی کم لاگت ہاﺅسنگ فنانس سکیم ’میرا پاکستان، میرا گھر‘ کے تحت مالی اعانت فراہم کرنے والا ملک کا پہلا بینک بن گیا، بینک نے جمعہ 16 اکتوبر 2020ء کو دو افراد کو شریعہ کمپلائنٹ ہاﺅسنگ فنانس کی سہولت فراہم کی ۔
یہ سہولت بطور مالی کے کام کرنے والے محمد انیس اور نجی کمپنی کے کنٹریکٹ ملازم محمد شاہد خان کو فراہم کی گئی۔ دونوں افراد اس فنڈزسے اپنے گھر والوں کے لئے چھوٹے پلاٹوں پر مکانات تعمیر کریں گے۔
اسٹیٹ بینک میں منعقدہ تقریب میں میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید نے محمد انیس اور محمد شاہد کو چیک دیے۔
اس موقع پر سٹیٹ بینک کی ڈپٹی گورنر سیما کامل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹیٹ بینک ثمر حسین اور میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرعرفان صدیقی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میزان بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر عرفان صدیقی نے کہا کہ وزیرِاعظم کی کم لاگت ہاﺅسنگ سکیم کے تحت ادائیگی کرنے والا ملک کا پہلا بینک ہونے پر ہمیں خوشی ہو رہی ہے اور ہم اس اہم شعبہ میں اپنا کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں جو 40 سے زائد صنعتوں کو براہِ راست اور بالواسطہ طور پر سپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں غیر ہنرمند مزدوروں کو بڑی تعداد میں ملازمت بھی فراہم کرتا ہے۔